بنگلورو، 14/جون (ایس او نیوز) ریاستی اسمبلی سے ریاستی کونسل کی تین سیٹوں کے لئے ہونے والے ضمنی چناؤ کے لئے آج نوٹی فکیشن جاری کردیاگیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کاغذات نامزدگیاں داخل کرنے کا آغاز ہوچکا ہے۔کونسل کی تین سیٹوں کے لئے الگ الگ میعاد باقی ہے۔اس لئے کونسل کی تین سیٹوں کے لئے ریاستی اسمبلی سے چناؤ ہوگا۔ اس چناؤ میں 16ویں اسمبلی کے لئے منتخب ہونے والے نئے اراکین ووٹ دیں گے۔اس چناؤ کے لئے 20جون تک پرچہ نامزدگیاں داخل کی جاسکتی ہیں۔21جون نامزدگیوں کی جانچ ہوگی۔ 23جون نامزدگیاں واپس لینے کی آخری تاریخ ہے۔30جون کو پولنگ ہوگی۔ اس روز شام نتائج کا اعلان کردیا جائے گا۔ان تینوں سیٹوں پر کانگریس امیدوار منتخب ہونے کی امید کی جارہی ہے۔کونسل کی تین سیٹوں کے ضمنی چناؤ کے لئے مرکزی الیکشن کمیشن نے نوٹس جاری کردیاہے۔حکمران کانگریس کے تینوں امیدوار منتخب ہونے کا امکان ہے۔اس وقت جو چناؤہورہا ہے، ان سیٹوں کے لئے بی جے پی سے تین امیدوار بابو راؤ چن چنسور، آر شنکر اور لکشمن ساودی منتخب ہوئے۔ان تینوں نے بی جے پی سے استعفیٰ دیدیا تھا اور کانگریس میں شامل ہونے کی وجہ سے تینوں سیٹ خالی ہوگئی ہیں۔بابو راؤ چن چنسور کی میعاد 17جون2024 کو ختم ہورہی ہے۔اسی طرح آر شنکر کی میعاد 30جون 2026کو ختم ہوگی۔جبکہ لکشمن ساودی کی میعاد14جون 2028 تک ہے۔ اس چناؤ میں منتخب ہونے والے تین اراکین اسمبلی کی میعاد بھی اس طرح ہوگی۔
کانگریس میں رسہ کشی: ریاستی قانون ساز کونسل کے ہونے والے ضمنی چناؤ کے لئے کاغذات نامزدگی کا سلسلہ شروع ہونے کے ساتھ ہی پارٹی ٹکٹ حاصل کرنے کانگریس میں زوروں سے رسہ کشی شروع ہوگئی ہے۔ایس بوس راج کسی بھی ایوران کے رکن نہیں ہیں، اس کے باوجود انہیں سدارامیاکابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔ کونسل سے ان کا منتخب ہونا ضروری ہے۔اس لئے انہیں پارٹی ٹکٹ ضرور دی جائے گی۔سابق وزیراعلیٰ جگدیش شٹر، بابو راؤ چن چنسور دونوں بی جے پی چھوڑ کر کانگریس میں شامل ہوئے ہیں۔اسمبلی کا چناؤلڑا اور دونوں ہار گئے۔ ان دونوں میں سے کسی ایک کو پارٹی ٹکٹ دیا جاسکتا ہے۔اس ضمن میں جگدیش شٹر کا نام لیا جارہا ہے۔ اگر کانگریس تینوں سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کرتی ہے تو چن چنسور کو بھی پارٹی ٹکٹ دیا جاسکتا ہے۔ امیدوار تو آسانی سے منتخب ہوجائیں گے۔تیسرے امیدوار کا منتخب ہونا مشکل ہے۔کہاجارہا ہے کہ بی جے پی اس چناؤ میں اپنے کسی بھی امیدوار کو کھڑے نہیں کررہی ہے۔یہ سچ ہے تو کانگریس کے تینوں امیدوار کونسل کے لئے منتخب ہوجائیں گے۔